منچن آباد سے راشد ندیم کی رپورٹ:
منچن آباد اور اس کے گرد و نواح میں اچانک آنے والی تیز آندھی نے نظامِ زندگی متاثر کر دیا۔ شدید ہواؤں کے باعث ہر طرف گرد و غبار کے بادل چھا گئے جس سے حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی اور شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آندھی کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی جبکہ موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کیا۔
دوسری جانب تیز ہواؤں کی شدت کے باعث حکومت پنجاب کے "ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت مختلف مقامات پر قائم کیے گئے عارضی کیمپ بھی گر گئے اور زمین بوس ہو گئے۔ تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو متاثرہ مقامات پر فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔


