کامونکی(شہزادسہیل سے)ایس ایچ او تھانہ واہنڈو عثمان ذوالنورین ورک کی سربراہی میں واہنڈو پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اہم کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی منشیات فروش کے خلاف کامیاب پولیس مقابلہ کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم مختلف اضلاع میں منشیات سپلائی کرنے میں ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔تفصیلات کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کی گئی۔ اس دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ مقابلے کے نتیجے میں خطرناک منشیات فروش اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

