شہدادپور (رپورٹ عمران قمر )
معمولی تلخ کلامی پر بیہ برادری کے دو گروہوں میں تصادم، فائرنگ سے ایک شخص زخمی شہدادپور کے قریب بروہی روڈ پر واقع گائو ں خدا بخش بیہ میں معمولی بات پر پیدا ہونے والا تنازع شدت اختیار کر گیا، جس کے نتیجے میں بیہ برادری کے دو گروہوں کے درمیان خونی جھگڑا ہوا جس میں فائرنگ کے نتیجے میں وسندو ولد باروچو بیہ بازو میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمی کے ورثا نے اسے فوری طور پر تشویشناک حالت میں شہدادپور کے سمس اسپتال منتقل کیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر زخمی کے بھائی ارباب بیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایک ہفتہ قبل بھی معمولی بات پر برادری کے مسلح افراد سے جھگڑا ہوا تھا جس میں ان کا ایک نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا اور آج مخالفین نے دوبارہ گھروں پر دھاوا بول کر فائرنگ کی جس سے اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔ وہ غریب لوگ ہیں اور پولیس ان کی داد رسی کرنے کے بجائے مقدمہ درج کرنے سے گریزاں ہے، جبکہ مخالف دھڑے نے مبینہ طور پر پولیس کو رشوت دے کر ان کے ہی بے گناہ افراد کو گرفتار کروا دیا ہے۔ متاثرہ خاندان نے اعلی حکام سے فوری نوٹس لینے اور ملزمان کی گرفتاری سمیت انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

