واشنگٹن ڈی سی :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین نے اپنے قریبی اتحادی ایران کو اسلحہ فراہم نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے اور انہیں اس حوالے سے چینی صدر شی جن پنگ کی ذاتی یقین دہانی بھی موصول ہوئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے بدھ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ ’چینی صدر نے ایران کو ہتھیار نہ بھیجنے پر اتفاق کیا ہے۔ وہ مجھے چند ہفتوں میں چین پہنچنے پر بھرپور انداز میں خوش آمدید کہیں گے۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ بیان انہوں نے 14 اور 15 مئی کو بیجنگ میں مجوزہ امریکہ اور چین کی سربراہی ملاقات کے حوالے سے دیا۔فاکس بزنس کی میزبان ماریہ بارٹیرومو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’شی جن پنگ نے بنیادی طور پر اس بات کا وعدہ کیا ہے کہ وہ ایران کو اسلحہ فراہم نہیں کریں گے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’میں نے سُنا تھا کہ چین ایران کو ہتھیار دے رہا ہے، آپ یہ ہر جگہ دیکھ رہے ہیں، تو میں نے انہیں ایک خط لکھا کہ ایسا نہ کریں، اور انہوں نے جواب میں لکھا کہ وہ ایسا نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز دوبارہ کھل رہی ہے اور بحری جہاز اس راستے سے گزرنا شروع ہو گئے ہیں۔فوکس بزنس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا: ’آبنائے ہرمز کھل رہی ہے‘ اور ’جہاز واپس آ رہے ہیں‘، تاہم انھوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
𝗗𝗼𝗻𝗮𝗹𝗱 𝗝. 𝗧𝗿𝘂𝗺𝗽 𝗧𝗿𝘂𝘁𝗵 𝗦𝗼𝗰𝗶𝗮𝗹 𝗣𝗼𝘀𝘁 𝟬𝟳:𝟰𝟲 𝗔𝗠 𝗘𝗦𝗧 𝟬𝟰.𝟭𝟱.𝟮𝟲
China is very happy that I am permanently opening the Strait of Hormuz. I am doing it for them, also – And the World. This situation will never happen again. They have agreed not to…
— Commentary Donald J. Trump Posts From Truth Social (@TrumpDailyPosts) April 15, 2026
صدر ٹرمپ اور صدر شی جن پنگ کے درمیان سربراہی ملاقات پہلے مارچ میں طے تھی، تاہم امریکی صدر کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے فیصلے کے باعث اسے مؤخر کر دیا گیا۔
اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ’چین بہت خوش ہے کہ میں آبنائے ہُرمز کو مستقل طور پر کھول رہا ہوں۔ میں یہ ان کے لیے بھی کر رہا ہوں اور دنیا کے لیے بھی۔‘
چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور ایرانی تیل کا ایک بڑا خریدار بھی ہے۔
امریکی صدر سے ایف بی آئی پر مبینہ چینی سائبر حملے کے بارے میں بھی سوال کیا گیا۔ انہوں نے اس کی براہِ راست تصدیق نہیں کی، تاہم یہ کہا کہ ’ہم بھی ان کے ساتھ ایسا کرتے ہیں، وہ بھی ہمارے ساتھ ایسا کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’چین، چین ہے۔ وہ کبھی آسان نہیں ہوتے، لیکن ہم چین کے ساتھ اچھا کام کر رہے ہیں۔‘
صدر ٹرمپ نے خود کو چین کے حوالے سے ’سب سے سخت مؤقف رکھنے والا شخص‘ بھی قرار دیا۔

