کوئٹہ :بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ایک مربوط اور بڑے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے کالعدم فتنہ الہندوستان (بی ایل اے)کے 32 دہشت گرد ہلاک، 17 زخمی اور 11 کو زندہ گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں پنجگور، خاران، قلات، مستونگ، تربت اور کوئٹہ میں کی گئیں جہاں دہشت گردوں کے مضبوط ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کامیاب آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 32 دہشت گرد ہلاک، 17 زخمی اور 11 کو زندہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پنجگور میں ایک اہم اسٹریٹجک کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب بی ایل اے کمانڈر نذیر عرف چاکر اپنے ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ اس کے علاوہ خاران میں ڈرون حملے کے ذریعے دہشت گردوں کی گاڑی کو تباہ کیا گیا جس میں سوار چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
گرفتار ہونے والے دہشت گردوں سے تفتیش کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ وہ کنڑ اور قندھار کے راستے سرحد پار سے دراندازی کر رہے تھےجو بیرونی مداخلت اور سہولت کاری کا واضح ثبوت ہے۔
واشک اور قلات سے قبضے میں لیا گیا جدید امریکی ساخت کا اسلحہ دہشت گردوں کو منظم سپلائی چین کے ذریعے ہتھیاروں کی فراہمی کی نشاندہی کرتا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی نے دہشت گرد تنظیم کی لوجسٹک صلاحیتوں کو مفلوج کر دیا ہے اور آپریشنل علاقوں میں ریاست کی گرفت کو مزید مضبوط بنا دیا ہے۔

