قصور(مہر احسان حسین ) مذہبی نوعیت کے واقعے نے علاقے میں کشیدگی پیدا کر دی، جب نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی میں عبادت گاہ کی بے حرمتی کرتے ہوئے قیمتی اور مقدس اشیاء کو نقصان پہنچایا۔ واقعے کی خبر پھیلتے ہی فضا سوگوار اور تشویشناک ہو گئی، جہاں کسی بھی لمحے صورتحال بگڑنے کا خدشہ موجود تھا۔
تاہم ایسے نازک وقت میں ڈی ایس پی صدر قصور سردار افضل ڈوگر اور ان کی ٹیم نے غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، حکمت عملی اور فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف چند گھنٹوں میں نہ صرف ملزم کو گرفتار کر لیا بلکہ ایک ممکنہ بڑے مذہبی تصادم کو بھی ٹال دیا۔ آئی جی پنجاب عبد الکریم کی جانب سے بھی اس بہترین کارکردگی پر باقاعدہ تعریفی خط جاری کیا گیا ہے، جس میں ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت اقدام کو سراہا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق جدید تفتیشی طریقوں، ہیومن انٹیلیجنس اور مسلسل محنت کے ذریعے اصل ملزم تک رسائی حاصل کی گئی۔ اس بروقت کارروائی نے علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور عوام میں پائے جانے والے خوف و اشتعال کو کم کیا۔ اہلِ علاقہ نے پولیس کی اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت کارروائی نہ ہوتی تو صورتحال سنگین رخ اختیار کر سکتی تھی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی سردار افضل ڈوگر اور ان کی ٹیم نے نہ صرف اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی بلکہ انسانیت، برداشت اور امن کا عملی پیغام بھی دیا۔


