شیخوپورہ: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی بینائی سے متعلق جو تازہ ترین رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی جانی تھی، اس کے بارے میں انھوں نے اٹارنی جنرل اور متعلقہ افراد سے بات کی ہے۔
وزیر قانون کے مطابق ’انھوں (متعلقہ افراد) نے کہا ہے کہ عمران خان نظر والی عینک اگر استعمال کر رہے ہیں تو تقریباً 70 فیصد ایک آنکھ ٹھیک ہے اور دوسری آنکھ کی نظر بالکل ٹھیک ہے۔ تو ایسی پریشانی کی بات نہیں۔‘
اعظم نذیر تارڑ شیخوپورہ بار ایسوسی ایشن فیروزوالا کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے۔
انھوں نے تحریک انصاف کے احتجاج کی وجہ سے راستوں کی بندش پر بھی بات کی اور کہا کہ آئین کا آرٹیکل 15 شہریوں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دیتا ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ سرکاری سطح پر موٹرویز اور جی ٹی روڈ کو بند کرنا غیر آئینی اقدام ہے۔ اگر صوبائی حکومت نے آئین و قانون کی پاسداری نہ کی تو ’اسے درست کرنے کا طریقہ بھی آئین کے اندر ہی موجود ہے، پھر اس صورت میں شکوہ نہیں ہونا چاہیے۔‘

