لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب کے ہر ضلع میں کارڈیک کیتھ لیب پروجیکٹ کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت جھنگ، میانوالی اور روہڑی میں کیتھ لیب جلد فعال کر دی جائیں گی۔ فیز ٹو کے تحت بھکر، چکوال، حافظ آباد، خانیوال، منڈی بہاؤالدین، راجن پور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی کیتھ لیبیں فنکشنل ہوں گی۔
کیتھ لیب میں انجیوگرافی، انجیوپلاسٹک اور پرائمری پی سی آئی کی سہولت دستیاب ہوگی، جس سے ہارٹ ایمرجنسی کی صورت میں 60 سے 90 منٹ کے اندر مریض کی جان بچائی جا سکے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مریضوں کو دور دراز کے بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ضلعی کارڈیالوجی سینٹرز میں انٹرینشنل کارڈیالوجسٹ اور تربیت یافتہ عملہ تعینات کرنے کے اقدامات بھی شروع کیے جا رہے ہیں، جبکہ ڈاکٹرز کے لیے سپیشل پے پیکیج بھی متعارف کروایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ہر ضلع میں قائم جدید ترین کیتھ لیب عالمی ایس او پیز کے مطابق امراض قلب کا بہترین علاج فراہم کرے گی، ہسپتالوں میں رش کم ہوگا اور ہیلتھ کیئر سسٹم میں نمایاں بہتری آئے گی۔ مریم نوازشریف نے وعدہ کیا کہ پنجاب کے ہر شہری کو معیاری اور جدید علاج کی سہولت ان کے دہلیز پر فراہم کی جائے گی۔

