لاہور:لاہور کی مقامی سیشن عدالت نے سوشل میڈیا پر جوئے کی ایپلی کیشنز کی تشہیر سے متعلق مقدمے میں یوٹیوبرز رجب بٹ اور ندیم مبارک عرف نانی والا کی پیشگی ضمانت میں توسیع کر دی۔
دونوں ملزمان آج (منگل کو) اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت پہنچے تو پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج منصور احمد نے کیس کی سماعت کی، جس دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر اس وقت لاہور ہائیکورٹ میں جاری کارروائی میں مصروف ہیں۔این سی سی آئی اے کے وکیل نے ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت دینے کی استدعا کی، جس پر عدالت نے رجب بٹ اور ندیم مبارک کی پیشگی ضمانت 26 جنوری تک بڑھا دی اور این سی سی آئی اے کو آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اس سے قبل عدالت نے حاضری مکمل ہونے کے بعد دونوں ٹک ٹاکرز کو کمرۂ عدالت سے جانے کی اجازت دے دی تھی۔یہ دونوں کونٹینٹ کریئیٹرز پہلی بار قانونی مشکلات کا سامنا نہیں کر رہے۔ستمبر 2025 میں این سی سی آئی اے نے رجب بٹ کے خلاف یوٹیوب اور ٹک ٹاک ویڈیوز اور محدود وقت کے لیے انسٹاگرام اسٹوریز میں آن لائن جوئے کی ایپس کی تشہیر کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔
اسی طرح ندیم مبارک کے خلاف بھی سوشل میڈیا پر جوئے کی ایپس کی تشہیر کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم انہیں ستمبر میں ایک اور کیس میں بھی گرفتار کیا گیا تھا، جس میں ان پر اپنی گاڑی پر جعلی رجسٹریشن نمبر آئی کے 804 لگانے کا الزام تھا۔ پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران وہ جعلی نمبر پلیٹ کے بارے میں تسلی بخش جواب نہ دے سکے، جو کہ جیل میں قید پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے منسوب ہے۔

