لاہور:(خصوصی رپورٹ )لاہور کے تاریخی شالامار باغ میں منعقدہ ہفتہ وار میوزیکل پروگرام کے دوران قوال فراز خان اور ان کے ہمنوا کی جانب سے گانا “نک دا کوکا” (قیدی نمبر 804) گانے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مذکورہ پروگرام کے دوران گائے جانے والے گانے کے بول اور انداز کو نقصِ امن اور ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال کا باعث قرار دیا گیا، جس پر والڈ سٹی اتھارٹی کی درخواست پر تھانہ باغبانپورہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں، جن میں امنِ عامہ میں خلل، عوام کو اشتعال دلانے اور بغاوت سے متعلق دفعات کا حوالہ دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واقعے نے ایک بار پھر فن، اظہارِ رائے اور قانون کے درمیان باریک لکیر پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

