لاہور:پیپسی کولا انٹرنیشنل کے معروف انرجی ڈرنک برانڈ ’سٹنگ‘ کی نقل ثابت ہونے پر مقامی بیوریجز کمپنی میزان بیوریجز پر 15 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کی جانب سے جمعے کے روز جاری فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ ’میزان بیوریجز نے صارفین کو گمراہ کیا اور کمپنی نے اپنے انرجی ڈرنک ’سٹورم‘ کی پیکجنگ اور مجموعی انداز میں پیپسی کے معروف برانڈ سٹنگ کی نقل کی۔‘فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’رنگ، بوتل، تحریر اور ڈیزائن کی مشابہت کے ذریعے صارفین کو گمراہ کیا گیا۔ میزان بیوریجز نے سٹنگ کی شہرت سے ناجائز فائدہ اُٹھانے کی بھی کوشش کی۔‘
کمیشن کے مطابق کمپنی نے عدالتی کارروائیوں کے ذریعے انکوائری کے عمل میں تاخیر بھی کی۔ کمپیٹیشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے میزان بیوریجز کی اپیل کو ناقابلِ سماعت اور تاخیری حربہ قرار دیا تھا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹریڈ مارک کی رجسٹریشن کمپیٹیشن قانون سے استثنیٰ فراہم نہیں کرتی اور کسی معروف برانڈ کی نقل کمپیٹیشن ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
’گمراہ کن پیکجنگ اور کاپی کیٹ برانڈنگ کے خلاف کمپیٹیشن کمیشن کو سخت کارروائی کا اختیار حاصل ہے۔‘
فیصلے کے مطابق پیپسی کولا کی شکایت پر کمپیٹیشن کمیشن نے سال 2015 میں انکوائری کا آغاز کیا تھا۔ اس دوران ابتدائی طور پر کمپیٹیشن ایکٹ 2010 کی دفعہ 10 کی خلاف ورزی سامنے آئی جس کے بعد شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔
بعد ازاں عدالتوں کی جانب سے کمیشن کے دائرۂ اختیار کو برقرار رکھنے کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ شروع کی گئی، تاہم میزان بیوریجز کا مؤقف تھا کہ اس کا ٹریڈ مارک باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ ہے۔اس کیس کی یکم جولائی، 14 اکتوبر اور 23 اکتوبر 2025 کو کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان میں مجموعی طور پر تین سماعتیں ہوئیں۔
یہ کیس سال 2015 میں سامنے آیا تھا اور تقریباً 10 سال بعد اس کا حتمی فیصلہ جاری کیا گیا۔’میزان بیوریجز جو ملتان کی ایک مقامی کمپنی ہے، ماضی میں بھی مشہور برانڈز کی نقالی سے متعلق شکایات کا شکار رہی ہے۔‘
ترجمان نے مزید بتایا کہ میزان بیوریجز نے اس معاملے کو مختلف عدالتوں میں چیلنج کیا اور سٹے آرڈرز حاصل کیے، تاہم لاہور ہائی کورٹ کے آخری فیصلے میں کمپیٹیشن کمیشن کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ اس کیس کا فیصلہ کرے۔
سماعت کے دوران میزان بیوریجز کا یہ موقف رہا ہے کہ ’سٹورم‘ ٹریڈ مارک باقاعدہ آئی پی او سے رجسٹرڈ ہے۔ پیپسی نے بروقت اس ٹریڈ مارک پر اعتراض نہیں کیا اس لیے شکایت ناقابلِ سماعت ہے۔
میزان بیوریجز کا کہنا ہے کہ ’یہ معاملہ ٹریڈ مارکس آرڈیننس کے تحت آتا ہے، کمپیٹیشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں نہیں۔‘
پیپسی کے برانڈ“سٹنگ “ کی نقل کرنے پر “نیکسٹ کولا“کی مالک میزان بیوریجز پر 15 کروڑ جرمانہ

