جے پور: انڈیا کے شہر جے پور کے ایک نجی ہسپتال میں چونکا دینے والا اور نایاب طبی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ڈاکٹروں نے ایک نوجوان کے معدے سے روزمرہ استعمال کی غیرمعمولی اشیا نکال کر اس کی جان بچا لی۔
نیوز 24 کے مطابق بھلواڑہ سے تعلق رکھنے والا 26 سالہ نوجوان 26 دسمبر کو شدید پیٹ درد کی شکایت کے ساتھ جے پور کے ایس آر کلّا میموریل ہسپتال پہنچا۔ مریض کی حالت تشویشناک دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے فوری طور پر مختلف طبی معائنے شروع کیے۔ جب پیٹ کی سونوگرافی کی گئی تو ڈاکٹر بھی دیکھ کر حیران رہ گئے، مریض کے معدے میں متعدد سخت اور نوکیلی اشیا موجود تھیں۔ہسپتال کے سینیئر سرجن ڈاکٹر تنمے پاریکھ کے مطابق سونوگرافی میں واضح طور پر ٹوتھ برش اور لوہے کی پانے نما اشیا نظر آئیں۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر اینڈوسکوپی کی گئی، تاہم اشیا کے حجم کی وجہ سے انہیں اینڈوسکوپی کے ذریعے نکالنا ممکن نہ ہو سکا۔ بعض نوکیلی اشیا معدے کی دیوار تک پہنچ چکی تھیں جو کسی بھی وقت جان لیوا ثابت ہو سکتی تھیں۔بالآخر ڈاکٹروں نے اوپن سرجری کا فیصلہ کیا۔ دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے آپریشن کے دوران ڈاکٹروں نے مریض کے معدے سے سات ٹوتھ برش اور دو لوہے کے پانے (رینچ) کامیابی سے نکال لیے۔
اس پیچیدہ سرجری کی قیادت ڈاکٹر تنمے پاریکھ نے کی جبکہ اینستھیٹسٹ ڈاکٹر آلوک ورما اور او ٹی سٹاف کشال اور ہریندر بھی شامل تھے۔

ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ ایسی اشیا نگلنا نہایت جان لیوا ہو سکتا ہے اور ایسی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے۔

