انقرہ:ترک حکام کو بدھ کو علی الصبح ایک نجی طیارے کا وائس ریکارڈر اور بلیک باکس مل گیا جو دارالحکومت انقرہ سے پرواز کرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس میں لیبیا کی مسلح افواج کے سربراہ اور ان کے چار ساتھی ہلاک ہو گئے۔
ترک وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا کاکہنا ہے کہ متعلقہ حکام نے ان آلات کی جانچ اور جائزہ شروع کر دیا ہے۔
دوسری طرفترکیہ کے صدارتی شعبہ مواصلات کے سربراہ برہان الدین دوران نے منگل کی شام لیبیا کے چیف آف اسٹاف محمد الحداد کے طیارے کے گرنے سے قبل موصول ہونے والے آخری پیغام کی تفصیلات ظاہر کر دی ہیں۔
انہوں نے ‘ایکس’ (ٹویٹر) پر بتایا کہ طیارے نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو برقی خرابی کے باعث ہنگامی صورت حال سے آگاہ کیا تھا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی۔
دوسری جانب ترکیہ کے وزیرِ انصاف یلماز طنج نے تصدیق کی ہے کہ انقرہ میں پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے طیارے کے گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ترکیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ برقی نظام میں خرابی کا پتا چلنے کے بعد عملے نے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی اور انقرہ کے ‘ایسن بوگا’ ایئرپورٹ پر واپسی کا فیصلہ کیا گیا، لیکن واپسی کے دوران ہی رابطہ منقطع ہو گیا۔
بلیک باکس مل گیا، لیبئین آرمی چیف کے بدقسمت طیارے کا الیکٹرانک سسٹم فیل ہوا

