ماسکو :روسی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف میں آپریشنل ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فانیل سروروف پیر کی صبح روسی دارالحکومت ماسکو کے جنوبی علاقےیاسینوایہ اسٹریٹ میں ایک دھماکے میں ہلاک ہو گئے۔ تاس نے روسی تحقیقاتی کمیٹی کی ترجمان سویتلانا پیٹرینکو کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ 22 دسمبر کی صبح ماسکو کی یاسینوایہ اسٹریٹ پر ایک کار کے نیچے نصب ایک دھماکہ خیز ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا ۔
دھماکے کے نتیجہ میں جنرل سٹاف کے آپریشنل ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ فانیل سروروف زخمی ہونے کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں ۔ روسی تحقیقاتی کمیٹی کی ترجمان کے مطابق روسی حکام لیفٹیننٹ جنرل فانیل سروروف کے قتل کے حوالے سے کئی تھیوریوں پر تحقیقات کر رہے ہیں جن میں سے ایک تھیوری کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فانیل سروروف کا قتل یوکرین کی سکیورٹی ایجنسیوں کی کارروائی ہے۔ فانیل سروروف 11 مارچ 1969 کو روس کے پرم ریجن کے گریمیاچنسک میں پیدا ہوئے۔ وہ اپنے فوجی کیرئیر کے دوران کمانڈ کے تمام بڑے عہدوں پر فائز رہے۔
انہوں نے 2015-2016 میں شام میں فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد سے متعلق کام انجام دیے۔ 2016 میں انہیں جنرل اسٹاف کے آپریشنل ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کا سربراہ مقرر کیا گیا۔سروروف کو آرڈر آف کریج، سویروف میڈل اور آرڈر آف میرٹ ٹو دی فادر لینڈ سے نوازا گیا۔دریں اثنا روس کے جنوبی کراسنودار ریجن میں وولنا کی بستی میں یوکرینی ڈرون حملوں کے نتیجہ میں دو بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا ۔
روسی خبر رساں ایجنسی تاس نے روسی وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا کہ یوکرینی ڈرون حملوں کے نتیجہ میں بحری جہازوں اور قریبی علاقے میں آگ لگ گئی۔ رپورٹ کے مطابق فائر فائٹرز مورنگز پر 1,000 سے 1,500 مربع میٹر تک جگہ میں پھیلی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں اور ایمرجنسی اور رسپانس ٹیمیں سائٹ پر کام کر رہی ہیں۔ متاثرہ بحری جہازوں پر سوار تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق روس کے فضائی دفاع کے نظام نے گزشتہ روز اپنی فضائی حدود میں داخل ہو نے والے کل41 یوکرینی ڈرون مار گرائے ۔ان میں تین ڈرون کراسنوڈار ریجن پر، دو بحیرہ اسود کے اوپر اور ایک برائنسک ریجن میں مار گرایا گیا۔
ماسکو، سینئر روسی جنرل کار بم دھماکے میں ہلاک، یوکرائنی خفیہ ایجنسی کی کارروائی ہے،روس

