جوہانسبرگ:پولیس کے مطابق جنوبی افریقہ کے سب سے بڑے شہر جوہانسبرگ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اتوار کو فائرنگ کرکے 10 افراد کو قتل کر دیا۔
جنوبی افریقہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس اے بی سی نیوز کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ جوہانسبرگ کے مغرب میں واقع بیگرسڈال ٹاؤن شپ میں پیش آیا۔
پولیس نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس واقعے میں 10 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اتوار کے حملے کا مقصد یا محرک تاحال واضح نہیں۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا: ’کچھ متاثرین کو نامعلوم مسلح افراد نے سڑکوں پر فائرنگ کر کے نشانہ بنایا۔‘
گاؤٹینگ صوبے کی پولیس ترجمان بریگیڈیئر برینڈا موریڈیلی نے کہا: ’ہمارے پاس ابھی متاثرین کی تفصیلات نہیں ہیں، لیکن 10 افراد اس واقعے میں مارے گئے ہیں۔
یہ فائرنگ ایک ایسے علاقے میں ہوئی جہاں ایک غیر قانونی شراب کی دکان موجود تھی۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ جنوبی افریقہ میں رواں ماہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔
اس سے قبل چھ دسمبر کو پرٹوریا کے قریب ایک ہسپتال میں فائرنگ سے ایک تین سالہ بچے سمیت 12 افراد مارے گئے تھے۔

