واشنگٹن :ڈیموکریٹس نے ایپسٹین فائلز کے دوسرے مرحلے میں صدر ٹرمپ کی حسیناؤں کے ہمراہ تصاویر جاری کردیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاملہ غیر اہم قراردیدیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے وہ تصاویر نہیں دیکھیں جو جنسی جرائم کے مرتکب سزا یافتہ آنجہانی کاروباری شخص جیفری ایپسٹین کی جاگیر میں لی گئی تھیں۔ ان تصاویر کو امریکی ایوانِ نمائندگان کی نگرانی کمیٹی میں ڈیموکریٹ ارکان نے جمعے کے روز جاری کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگرچہ انہوں نے تصاویر نہیں دیکھیں، لیکن سب جانتے تھے کہ ایپسٹین پام بیچ میں ہر جگہ موجود رہتا تھا اور اس کی بہت سے لوگوں کے ساتھ تصاویر تھیں۔ ان کے مطابق یہ معاملہ غیر اہم ہے اور انہیں اس بارے میں کوئی خاص معلومات نہیں۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان ابیگیل جیکسن نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایپسٹین کے متاثرین کے لیے وہ اقدامات کیے جو ڈیموکریٹس کبھی نہ کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو چاہیے کہ وہ ڈیموکریٹس کے بیانیے کو دہرانے کے بجائے ان سے پوچھے کہ وہ ایپسٹین کے معاملے کو سزا کے بعد بھی کیوں اچھال رہے ہیں۔
ان تصاویر میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن، ٹرمپ کے سابق مشیر اسٹیو بینن، کاروباری شخصیت بل گیٹس اور سابق وزیر خزانہ لیری سمرز بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ کمیٹی کی قیادت ریپبلکن رکن جیمز کومر کر رہے ہیں۔ کمیٹی کے ترجمان نے کہا کہ ڈیموکریٹس منتخب تصاویر جاری کر کے اور ترامیم کے ذریعے تحقیقات کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں۔
ڈیموکریٹ ارکان کا کہنا ہے کہ یہ تصاویر ایپسٹین اور دنیا کے با اثر افراد کے ساتھ اس کے تعلقات پر مزید سوالات اٹھاتی ہیں۔ انہوں نے خواتین کی شناخت کے تحفظ کے لیے ان کے چہرے چھپائے ہیں۔ کمیٹی کی جانب سے مزید دستاویزات اور تصاویر جاری کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ وزارتِ انصاف سے توقع ہے کہ وہ جلد ایپسٹین سے متعلق غیر خفیہ فائلیں شائع کرے گی۔ ٹرمپ اور ایپسٹین کے درمیان ماضی میں تعلق رہا ہے، تاہم ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے الزامات سامنے آنے سے پہلے ہی اس سے قطع تعلق کر لیا تھا اور وہ کم عمر لڑکیوں کے استحصال سے لا علم تھےکمیٹی نے تصدیق کی ہے کہ تصاویر میں کوئی غیر قانونی جنسی رویہ نظر نہیں آتا اور نہ ہی یہ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ تصویریں نابالغ لڑکیوں کی موجودگی کی تصدیق کرتی ہیں ۔ یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کب، کہاں یا کس نے لی تھیں۔ متنازع تصاویر میں سے ایک تصویر ٹرمپ کی چھ خواتین کے ساتھ ہے جن کے چہرے ایڈیٹ کیے گئے ہیں۔
تصاویر میں سٹیو بینن کی ایپسٹین کے ساتھ آئینے کے سامنے ایک تصویر بھی ہے، ایک تصویر ہے جس میں بل کلنٹن ایپسٹین، گیسلین میکسویل اور ایک اور جوڑے کے ساتھ ہیں۔ نیز بل گیٹس کی سابق برطانوی شہزادہ اینڈریو کے ساتھ ایک تصویر بھی شامل ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے سابق صدر لیری سمرز اور وکیل ایلن ڈیرشوفٹز کی تصاویر بھی ایپسٹین کی ملکیت سے جاری کردہ مواد میں نظر آئیں۔ کمیٹی نے وضاحت کی ہے کہ اسے یہ تصاویر اپنی جاری تحقیقات کے حصے کے طور پر ملی ہیں اور اب تک اس نے دسیوں ہزار دستاویزات جاری کی ہیں جن میں ایپسٹین کی ای میلز اور مواصلاتی ریکارڈ شامل ہیں۔ یہ ریکارڈ ابھی بھی تحقیقات کے نئے راستے کھول رہے ہیں

