پنجی: شمالی گوا کے ایک نائٹ کلب میں سنیچر کی دیر رات سلنڈر پھٹنے کے بعد آگ لگنے سے 25 افراد ہلاک ہو گئے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے کہا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر کلب کے کچن ورکرز ہیں اور ان میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہلاک ہونے والوں میں تین سے چار سیاح بھی شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ ساونت نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور اس دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 25 ہلاک شدگان میں سے تین افراد کی موت جھلسنے کے سبب ہوئی اور باقی کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ابتدائی جانکاری کے مطابق نائٹ کلب نے فائر سیفٹی کے اصولوں کی پابندی نہیں کی تھی۔
یہ واقعہ گوا کے برچ بائی رومیو لین میں آدھی رات کو پیش آیا۔ ریاستی دارالحکومت پنجی سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ارپورہ گاؤں میں یہ کلب گذشتہ سال کھلا۔ "ہم کلب انتظامیہ کے خلاف کارروائی کریں گے اور ان اہلکاروں کے خلاف بھی جنہوں نے حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کے باوجود اسے کام کرنے کی اجازت دی۔” ساونت نے مزید کہا۔
گوا پولیس چیف آلوک کمار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ آگ سلنڈر دھماکے کی وجہ سے لگی۔ وہیں مقامی بی جے پی ایم ایل اے مائیکل لوبو نے کہا کہ "تمام لاشیں احاطے سے برآمد کر لی گئی ہیں اور بامبولیم کے سرکاری میڈیکل کالج بھیج دی گئی ہیں۔”
لوبو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ فائر فائٹرز اور پولیس ٹیمیں فوری طور پر موقعے پر پہنچے اور رات ریسکیو آپریشن میں مصروف رہے۔ لوبو نے کہا کہ حکام تمام کلبوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کریں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
ایم ایل اے نے کہا کہ کلانگوٹ پنچایت پیر کو تمام نائٹ کلبوں کو نوٹس جاری کرے گی جس میں انہیں فائر سیفٹی کا اجازت نامہ دکھانے کی ہدایت دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن کلبوں کے پاس ضروری اجازت نہیں ہے، ان کے لائسنس منسوخ کر دیے جائیں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی حادثے میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ انہوں نے گوا کے وزیر اعلیٰ سے بات کی ہے۔ پی ایم مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "ارپورہ، گوا میں آتشزدگی کا حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔ میرے خیالات ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔

