واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے ایسٹرن روم میں منگل کی شام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں ایک پُر تکلف اور شان دار سرکاری عشائیہ منعقد کیا گیا۔ یہ بن سلمان کا سات سال بعد واشنگٹن کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ اس موقع پر پرتگالی فٹبال اسٹار اور سعودی کلب النصر کے کھلاڑی کریسٹیانو رونالڈو نے ایک بے مثال سیلفی لی جس میں مالیات، کاروبار، کھیل اور سیاست کی دنیا کے متعدد اہم چہرے ایک ساتھ نظر آئے۔
یہ تصویر چند ہی گھنٹوں میں "ایکس” پلیٹ فارم پر تیزی سے وائرل ہوئی اور اسے "انٹرنیٹ توڑنے والی” تصاویر میں شمار کیا گیا، کیونکہ اس میں شامل ناموں کا عالمی اثر بہت زیادہ تھا۔
کریسٹیانو رونالڈو نے اس تصویر میں "ایکس” اور "ٹیسلا” کے مالک ایلون مسک، فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو، اپنی اہلیہ جورجینا روڈریگیز، امریکی وزیرِ تجارت ہوورڈ لوٹ نِک کے ساتھ ساتھ امریکہ کی متعدد با اثر شخصیات کو شامل کیا۔
گروپ کے پیچھے امریکی میرینز کے بینڈ کے ارکان روایتی سرخ لباس میں دکھائی دیے، جبکہ وائٹ ہاؤس کے مشہور شان دار اندرونی ڈیزائن کے درمیان یہ منظر اور بھی دلکش تھا۔ سرگرم کارکنوں کے مطابق اس تصویر میں شامل چہروں کی مجموعی دولت صرف اس تصویر کے حساب سے ہی 700 ارب ڈالر سے زائد تھی۔ یہ بات "فوربز” اور دیگر مالی ذرائع کے اعداد و شمار کی بنیاد پر بتائی گئی۔

