کیلے فورنیا :ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی ایکس اے آئی نے اپنا نیا اے آئی ماڈل گروک 4.1 ریلیز کر دیا ہے۔
مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس اپ ڈیٹ کا اعلان کیا اور بتایا کہ نئے ماڈل میں پہلے سے زیادہ تیزرفتاری اور قابل اعتماد جوابات دینے کی صلاحیت موجود ہے۔
ایکس اے آئی کے مطابق گروک 4.1 میں سب سے بڑی بہتری یہ ہے کہ اس میں جھوٹی معلومات یا ”ہیلوسینیشن“ پیدا کرنے کے امکانات تقریباً تین گنا کم ہے۔ کمپنی نے دعویٰ کیا کہ یہ ماڈل تخلیقی، جذباتی اور مشترکہ تعاملات میں پہلے سے کہیں زیادہ ماہر ہے، جبکہ پچھلے ماڈلز کی ذہانت اور قابل اعتمادی برقرار رکھی گئی ہے۔
مسک نے ایکس پر لکھا، ’گروک4.1 ابھی ریلیز ہوا ہے ۔ آپ رفتار اور معیار میں نمایاں بہتری محسوس کریں گے۔‘
گروک 4.1 کو 1 نومبر سے 14 نومبر 2025 تک دو ہفتوں کے خاموش ریلیز کے دوران مختلف صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا۔ اس دوران ایکس اے آئی نے نئے ماڈل کے جوابات کا پچھلے ماڈل سے موازنہ کیا اور 64.78 فیصد صارفین نے نئے ماڈل کو ترجیح دی۔
یہ ماڈل اب تمام صارفین کے لیے grok.com، X اور iOS و اینڈروئیڈ ایپس پر دستیاب ہے۔ صارفین ایپ کے موڈ سے گروک 4.1 منتخب کر کے یا آٹو موڈ کے ذریعے ماڈل استعمال کر سکتے ہیں۔

