ریاض: مکہ سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے بھارتی عمرہ زائرین کی بس کو آئل ٹینکر نے ٹکر ماردی، 20 خواتین اور 11 بچوں سمیت 42 افراد زندہ جل گئے ، اکثر لاشیں ناقابل شناخت،امدادی ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تر حیدرآباد کے رہائشی تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ مکہ سے مدینہ جا رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرنے والوں میں 20 خواتین اور 11 بچے بھی شامل ہیں۔
حادثہ پیر کی صبح 1:30 بجے پیش آیا۔ مکہ سے مدینہ جاتے ہوئے مفرحت کے علاقے میں عمرہ زائرین کی بس ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی۔ حادثہ کے وقت زیادہ تر لوگ سو رہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی سعودی حکام اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے اور انہیں قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ سعودی ذرائع نے بتایا کہ حکام مرنے والوں کی تعداد کی تصدیق میں مصروف ہیں۔ تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ایک شخص حادثے میں بچ گیا ہے۔پولیس حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ دوسری جانب چونکہ مرنے والے تلنگانہ اور حیدرآباد کے رہنے والے ہیں اس لیے یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ وہ کس ایجنسی کے ذریعے عمرہ پر گئے تھے۔

