اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سے وزیرِ مملکت بلال بن ثاقب نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی جس میں کرپٹو کرنسی، ڈیجیٹل کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے موجودہ رجحانات اور پالیسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلال بن ثاقب نے چئیرمین پیپلز پارٹی کو ڈیجیٹل کرنسی سے متعلق ملکی و بین الاقوامی اقدامات، اس کے قانونی تقاضوں اور ممکنہ مواقع کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال مالی شمولیت اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس شعبے میں شفاف، جدید اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی ڈیجیٹل کرنسی اور بلاک چین کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی تاکہ ملکی معیشت میں اس کے مثبت اثرات کو یقینی بنایا جا سکے۔

