نئی دہلی :بھارت نے پانچ سال کے وقفے کے بعد چین کے سرزمین (مین لینڈ) کے لیے براہِ راست فضائی سروس دوبارہ شروع کر دی۔
چینی خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق بھارتی حکام کے مطابق اتوار کی شب کولکتہ سے چین کے شہر گوانگ ژو (Guangzhou) کے لیے پہلی پرواز روانہ ہوئی۔یہ پرواز نیتاجی سوبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے سے انڈیگو ایئر لائن کی پرواز نمبر 6E1703 کے تحت روانہ ہوئی، جس میں 176 مسافر سوار تھے۔
انڈیگو کے سی ای او پیئتر ایلبرز نے اس موقع پر کہا کہ براہِ راست پروازوں کی بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان افراد، سامان اور خیالات کی آزادانہ نقل و حرکت دوبارہ ممکن ہو سکے گی، جو دنیا کی دو سب سے زیادہ آبادی والی اور تیزی سے ترقی کرتی معیشتوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گی۔بھارت اور چین کے درمیان براہِ راست پروازیں ابتدائی 2020 تک جاری تھیں، تاہم کووِڈ-19 وبا کے پھیلاؤ کے بعد انہیں معطل کر دیا گیا تھا۔

