اسلام آباد: حکومتِ پاکستان کی ایک بڑی کامیابی کے طور پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اسلام آباد سے مانچسٹر تک براہِ راست پروازوں کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت پاکستان کی فضائی صنعت اور برطانیہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔
براہ راست پروازوں کا افتتاح وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ ایک پروقار تقریب میں کیا۔ اس موقع پر برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ، سیکرٹری دفاع جنرل (ر) محمد علی، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نادر شفیع ڈار، اور دفاع و ہوابازی کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام حکومتِ پاکستان کی جانب سے قومی اداروں کی بحالی، عوامی سہولتوں میں بہتری، اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تشخص کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد تا مانچسٹر براہِ راست پرواز کا آغاز پاکستان اور برطانیہ کے درمیان رابطوں کے نئے دور کا آغاز ہے، جو وہاں موجود پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک بڑی سہولت فراہم کرے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس موقع پر ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار، ایوی ایشن ڈویژن، اور پی آئی اے کی انتظامیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت یہ اہم کامیابی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت حکومتِ پاکستان کی مؤثر حکمتِ عملی اور ادارہ جاتی تعاون کا نتیجہ ہے۔
اسلام آباد تا مانچسٹر براہِ راست پرواز کا آغاز پاکستان کی فضائی صنعت کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

