کراچی: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں واقع معروف بزرگ حضرت سید عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
اس موقع پر وزیرِ داخلہ نے وطن عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ بزرگانِ دین نے دینِ اسلام کے فروغ کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں، ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے حضرت سید عبداللہ شاہ غازیؒ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عظیم اولیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی آج کے چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

