واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف امریکا کے طول وعرض میں ہزاروں ریلیاں، لاکھوں افراد کی شرکت ، امریکی صدر کی اپنے خلاف ہونے والے ’نو کنگز‘ مظاہروں پر عامیانہ ردعمل، مظاہرین پر طیاروں سے گندگی گرانے کی مصنوعی ذہانت سے بنی ویڈیو شیئر کر دی۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کے مختلف شہروں میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے جس میں لاکھوں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ امریکا کے مختلف شہروں اور قصبوں میں ’آمرانہ‘ حکومتی پالیسیوں اور بدعنوانی کی مخالفت میں 2700 ریلیاں نکالی گئیں۔
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سماجی رابطے کی سائٹ “ٹروتھ سوشل “ پر"نو کنگ” مظاہروں پر ایک ایسی ٹرولنگ ویڈیو شائع کی ہے جس میں وہ بادشاہی تاج پہنچ کر ایک جیٹ کے ذریعے مظاہروں پر انسانی غلاظت گرارہے ہیں۔
مظاہرین میں بڑوں، بوڑھوں، بچوں اور خواتین سے لے کر ہر عمر کے افراد شامل تھے تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
واشنگٹن ڈی سی، بوسٹن، فلاڈیلفیا، اٹلانٹا، ڈینور، شکاگو اور سی ایٹل سمیت مختلف شہروں میں ہونے والی ریلیوں میں تقریباً 70 لاکھ کے قریب شہریوں نے شرکت کی جبکہ نیویارک میں ایک لاکھ سے زائد افراد سڑکوں پر نکلے۔
مظاہرین نے جمہوریت کے حق میں اور ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں بالخصوص امیگریشن قوانین کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

