واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے خلاف ایک بار پھر بڑی کارروائی کی دھمکی دیدی۔امریکی صدر نے خبردار کیاکہ حماس غزہ میں قتل عام بند کرے ورنہ کاروائی کریں گے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ میں حماس کی جانب سے لوگوں کا قتل عام روکنا مصر میں طے شدہ معاہدے کا حصہ تھا۔
اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں دینگے، کھدائی کی مشینوں پر اسرائیلی پابندی ہے، حماس
دوسری طرف حماس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ غزہ معاہدے پر مکمل عمل درآمد کے پابند ہیں ۔انہوں نے کہا تمام اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں حوالے کریں گے ۔حماس نے وضاحت دی کہ ملبہ ہٹانے کے لیے جن آلات کی ضرورت ہے وہ اس وقت دستیاب نہیں، کیونکہ اسرائیل نے اس نوعیت کے آلات کے داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے۔
تنظیم نے کہا کہ جن قیدیوں کو اسرائیلی فوج نے قتل کیا، وہی فوج ان کے ملبے تلے دبنے کی بھی ذمہ دار ہے ۔بیان میں مزید کہا گیا کہ لاشوں کی حوالگی میں کسی بھی تاخیر کی مکمل ذمے داری نیتن یاہو کی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
حماس کا کوئی مستقبل نہیں ، سٹیو وٹکوف خصوصی ایلچی برائے صدر امریکا
مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی اسٹیو وِٹکوف نے کہا ہے کہ امریکا غزہ کی پٹی سے تمام قیدیوں کی باقیات واپس لانے کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہا ہے اور انھیں اس پر مکمل اعتماد ہے۔
جنگ کے بعد کے عبوری مرحلے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اسٹیو وٹکوف کاکہنا تھا کہ یہ مرحلہ غزہ کے باشندوں کے لیے روزگار، تعلیم، امید اور مستقبل کے امکانات پر مشتمل ہونا چاہیے، نہ کہ صرف ہتھیاروں اور تشدد پر، تاکہ ان لوگوں کی عزتِ نفس بحال کی جا سکے جو طویل عرصے سے تکالیف برداشت کر رہے ہیں۔
نیویارک پوسٹ اخبار کے مطابق امریکی ہولوکوسٹ میوزیم میں خطاب کرتے ہوئے وٹکوف نے زور دیا کہ حماس کو قطعی طور پر غیر مسلح ہونا چاہیے ، غزہ میں اس کی کوئی جگہ نہیں۔
پوتن سےبات مفید رہی، یوکرائن جنگ جلد رکوا لیں گے، ڈونالڈ ٹرمپ زیلنسکی سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہاہے کہ 8جنگیں رکواچکا ہوں ،نویں جنگ رکوانا چاہتاہوں۔امید ہے روس یوکرین جنگ جلد روکنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے ٹیلی فون پر گفتگو انتہائی مفید اور نیتجہ خیز رہی ۔ دو ہفتوں میں ہنگری کے دارلحکومت بڈاپسٹ میں ملاقات متوقع ہے۔۔ملاقات میں یوکرین جنگ کے خاتمے پر غور کیاجائے گا ۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کیلئے واشنگٹن پہنچ چکے ہیں ۔ زیلنسکی امریکی صدر سے ملاقات میں روس یوکرین جنگ کے خاتمے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

