ڈھاکہ:بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
ٹیم میں نوجوان مڈل آرڈر بیٹر ماہید الاسلام انکون کو پہلی بار ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق نوجوان کھلاڑی کی شمولیت کے ساتھ ہی سومیا سرکار کی بھی ون ڈے کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے، جو کہ فروری میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے بعد پہلی بار ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ دوسری جانب، نائم شیخ اور فاسٹ بولر ناہید رانا کو حالیہ افغانستان سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد سکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر غازی اشرف حسین نے پریس کانفرنس میں کہا کہ افغانستان کے خلاف حالیہ شکست نے خصوصاً بیٹنگ میں ہماری خامیوں کو کھول کر رکھ دیا ہے ۔ ہمیں اب اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا ہوگا اور ہوم سیریز کھیلنے کا فائدہ اٹھانا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ماہیدالاسلام انکون ایک باصلاحیت نوجوان ہیں، اور ہم 2027 کے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کا پول بڑھانا چاہتے ہیں۔
ان کی شمولیت سے ہمیں مڈل آرڈر میں متبادل مواقع میسر آئیں گے۔چیف سلیکٹر کے مطابق ٹیم کی حالیہ تھکاوٹ اور ذہنی دباؤ کے باوجود کھلاڑیوں کو فوری طور پر میدان میں واپس لا کر بہتر کارکردگی دکھانے کی امید ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد کھلاڑی اعتماد بحال کریں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک مضبوط کم بیک کریں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے اعلان کردہ 16 رکنی میزبان ٹیم مہدی حسن مراز (کپتان)، تنزید حسن تمیم، سومیا سرکار، محمد سیف حسن، نجم الحسن شانتو، توحید ہردوے، ماہیدالاسلام انکون ، جاکر علی، شمیم حسین، نورالحسن، رشاد حسین، تنویر اسلام، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، تنزیم حسن ثاقب اور حسن محمود پر مشتمل ہے۔سیریز کے تینوں میچز بالترتیب 18، 21 اور 23 اکتوبر کو شیرِ بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں کھیلے جائیں گے۔

