برٹش کولمبیا:گینگسٹر لارنس بشنوئی کے مسلح غنڈوں کی تیسری بار کینیڈا میں اسٹینڈ اپ کامیڈین اور میزبان کپل شرما کے کیفے پرفائرنگ۔ لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ایک گینگسٹر نے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق کپل شرما کا کیپس کیفے برٹش کولمبیا، کینیڈا کے شہر سرے میں واقع ہے جہاں فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے کیفے پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ جب کہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے تاہم کیفے کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کینیڈا کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس مختلف زاویوں سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ پولیس افسران کیفے اور اس کے ارد گرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی بھی جانچ کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ کپل شرما کے کینیڈا میں قائم کیفے میں گزشتہ چار ماہ میں فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے اور لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ گینگسٹرز گولڈی ڈھلون اور کلدیپ سدھو نے تیسری بار اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ Kap’s Cafe کو سب سے پہلے 10 جولائی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ شوٹنگ کے تازہ واقعے کے بعد، ممبئی پولیس نے کپل شرما کے مختلف اپارٹمنٹس پر سیکیورٹی سخت کردی ہے۔ اس سے پہلے بھی ان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔
اس سے قبل 8 اگست کو کپل شرما کے کیپس کیفے پر حملہ کیا گیا تھا، جہاں حملہ آوروں نے تقریباً 25 راؤنڈ فائر کیے تھے۔ لارنس بشنوئی گینگ نے اس حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔ حملے کے بعد حملہ آوروں نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں کہا گیا، "ہم نے ٹارگیٹ کو آواز دی۔۔۔ لیکن اس نے رنگ نہیں سنی، اس لیے ہمیں کارروائی کرنی پڑی۔ اگر اس نے پھر بھی رنگ نہیں سنی تو جلد ہی ممبئی میں اگلی کارروائی کی جائے گی۔”

