قاہرہ:حماس کے سینیئر رہنما طاہر النونو نے کہا ہے کہ اسرائیل کے مذاکرات کاروں کے ساتھ یرغمالیوں اور قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کر لیا گیا ہے جو معاہدے کی کامیابی کی صورت میں چھوڑے جائیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق مصر میں جاری مذاکرات کے دوران بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں طاہر النونو کا یہ بھی کہنا تھا کہ حماس نے معاہدے تک پہنچنے کے لیے امید ظاہر کی ہے اور گروپ کی جانب سے اس ضمن میں مثبت رویہ اپنایا گیا ہے۔
قطر کے وزیراعظم کے علاوہ امریکا اور ترکیہ کے سینیئر مندوبین نے بدھ کو حماس اور اسرائیل کے مذاکرات کاروں کے ساتھ غزہ میں جنگ کے خاتمے کے حوالے سے تیسرے روز بھی بات چیت کی
اسرائیل اور حماس مصر کے علاقے شرم الشیخ میں ہونے والے مذاکرات میں بالواسطہ طور پر حصہ لے رہے ہیں، جو کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے جاری کیے گئے 20 نکاتی مجوزہ پلان کی بنیاد پر ہو رہے ہیں، یہ منصوبہ انہوں نے گزشتہ ماہ پیش کیا تھا۔
قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی، ترکیہ کے انٹیلیجنس چیف ابراہیم کلین، صدر ٹرمپ کے خصوصی نمائندہ برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیریڈ کُشنر بھی ان مذاکرات میں شریک ہونے والے ہیں۔
غزہ امن پلان، مذاکرات کا تیسرا روز، حماس اور اسرائیل میں یرغمالیوں، قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ

