لاہور (میاں وقار رضا ) پنجاب پولیس نے کھیلوں کے میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ جمخانہ کلب لاہور میں پہلے انٹر ریجن پولیس گالف ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب پولیس کے کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
یہ ٹورنامنٹ ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا کی ذاتی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جن کی بدولت پنجاب پولیس کی تاریخ میں پہلی بار جمخانہ کلب لاہور میں گالف سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔ ڈی آئی جی سلیمان سلطان رانا نہ صرف ٹورنامنٹ کے آرگنائزر تھے بلکہ پاکستان پولیس گالف ٹیم کے پیٹرن کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں پولیس کے 15 سے زائد کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز بشمول پروفیشنل، ایمیچیور، ریٹائرڈ اور سینئرز میں حصہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ اور آر پی او شیخوپورہ ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں تعریفی اسناد، شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔
ڈی آئی جی سلیمان سلطان رانا کا کہنا تھا کہ:
گالف کا مشکل کھیل پنجاب پولیس کے نوجوانوں نے انتہائی احسن طریقے سے کھیلا ہے۔”
پنجاب پولیس کے کھلاڑی قومی اور بین الصوبائی سطح کے گالف ایونٹس میں بہترین کارکردگی دکھا چکے ہیں۔اس طرح کے ٹورنامنٹس کے انعقاد سے پولیس اہلکاروں کی کھیلوں کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس دیگر کھیلوں کی طرح گالف کھیلنے والے کھلاڑیوں کی بھی بھرپور سرپرستی اور حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔

