لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک بھارت حالیہ لڑائی رکوانے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔
لاہور ریلوے اسٹیشن پر اپ گریڈ شدہ پاک بزنس ایکسپریس اور نئی متعارف کرائی جانے والی مسافر سہولیات کا افتتاح کرنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ روکی ہے، اس سفارتی کامیابی سے بڑی کوئی کامیابی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا،”امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا کہہ چکے ہیں کہ ہم نے جنگ رکوا دی، اور جب امریکی صدر کہتے ہیں کہ ہم نے پاک بھارت جنگ رکوا دی، تو وزیر اعظم مودی کے زخم پھر سے تازہ ہو جاتے ہیں
وزیر اعظم نے بھارت کے ساتھ چار روزہ تنازعے میں پاکستان کی مسلح افواج کی مزاحمت کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور انہوں نے اس جنگ کو مختصر تاہم انتہائی خطرناک قرار دیا۔ انہوں نے فوج کی تکنیکی برتری، فضائیہ کی اندرونی اختراعات اور فوج کی جانب سے الفتح میزائلوں کے استعمال کی تعریف بھی کی۔
انہوں نے ملکی سلامتی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا،بھارت کا خیال تھا کہ پاکستان صرف نیوکلیئر ڈیٹرنس پر ہی بھروسہ کر سکتا ہے، تاہم روایتی جنگ کی بالادستی نے اس افسانے کو توڑ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہہمارے ایٹمی اثاثے قومی سلامتی کے ضامن ہیں اور دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرتا ہے۔

