تہران / منامہ (ویب ڈیسک)
ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورسز نے بحرین میں قائم امریکا کے دو اہم فوجی ٹھکانوں پر مشترکہ میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، جن میں امریکی فضائی دفاعی نظام کے دو پیٹریاٹ ریڈار تباہ کر دیے گئے ہیں۔
ایرانی سرکاری خبر رساں اداروں کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقاتِ عامہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الرفاع (Al-Riffa) اور العوالی (Awali) کے فوجی اڈوں پر نصب امریکی پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کے دو ریڈارز کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ یہ جوابی کارروائی ایرانی فضائی حدود کی مسلسل خلاف ورزیوں، بالخصوص امریکی ڈرونز کی پروازوں اور خطے میں جاری امریکی جارحیت کے ردعمل میں کی گئی ہے۔
دوسری جانب بحرینی حکومت نے ایرانی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملوں میں کسی فوجی تنصیب کے بجائے ایک شہری صنعتی تنصیب (Civilian Industrial Facility) کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی اور مادی نقصان پہنچا۔ بحرین نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری کارروائی اور ایران سے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر امریکی حکام نے تاحال اس حوالے سے باضابطہ تصدیق یا تردید جاری نہیں کی، تاہم امریکی میڈیا نے ایک دفاعی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کی جانب سے حملوں کی تازہ کوشش ضرور کی گئی لیکن خطے میں موجود امریکی افواج یا عسکری اثاثوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔


