واشنگٹن (ویب ڈیسک)
امریکی خلائی ادارے ناسا کے تاریخی خلائی جہاز وائجر ون (Voyager 1) نے 49 سالہ طویل سفر کے بعد انسانی تاریخ کا ایک نیا اور غیر معمولی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے زمین سے ایک نوری دن (One Light-Day) کی دوری اختیار کر لی ہے۔
ناسا کے مطابق وائجر ون نے 18 نومبر 2026 کو گرینچ وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 16 منٹ پر یہ تاریخی مقام حاصل کیا، جس کے بعد یہ زمین سے سب سے زیادہ دور جانے والی پہلی انسان ساختہ شے بن گئی ہے۔
-
ایک نوری دن کیا ہے؟ ایک نوری دن سے مراد وہ فاصلہ ہے جو روشنی خلا میں 24 گھنٹوں کے دوران طے کرتی ہے، جو تقریباً 25 ارب 90 کروڑ کلومیٹر (16 ارب 10 کروڑ میل) بنتا ہے۔
-
پیغام رسانی میں 48 گھنٹے کا وقت: اتنے طویل فاصلے کے باعث اب زمین سے بھیجا جانے والا کوئی بھی ریڈیو سگنل وائجر ون تک پہنچنے میں پورے 24 گھنٹے لیتا ہے اور جہاز کی جانب سے جوابی سگنل زمین تک واپس آنے میں مزید 24 گھنٹے لگتے ہیں۔
-
مشن کا پسِ منظر: وائجر ون کو 5 ستمبر 1977 کو خلا میں روانہ کیا گیا تھا اور اس نے اگست 2012 میں نظامِ شمسی کی حدود (ہیلیوسفیئر) عبور کر کے بین النجمی خلا (Interstellar Space) میں قدم رکھا تھا۔
-
موجودہ صورتحال: تقریباً 61 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے والے اس خلائی جہاز کے 10 میں سے اب صرف دو سائنسی آلات کام کر رہے ہیں، جو توانائی بچانے کے اقدامات کے باعث تقریباً 2029 تک زمین پر قیمتی سائنسی ڈیٹا بھیجتے رہیں گے۔
اس خلائی جہاز پر زمین کی ثقافت، آوازوں، موسیقی اور 55 زبانوں میں خیرسگالی کے پیغامات پر مشتمل ایک مشہور ’گولڈن ریکارڈ‘ بھی نصب ہے، جو مستقبل میں کسی بھی ممکنہ خلائی مخلوق کے لیے انسانیت کا تعارف ثابت ہو سکتا ہے۔

