کراچی: شہر کے علاقے کلفٹن شاہ رسول کالونی میں گھریلو ناچاقی کے دوران دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر طیش میں آکر اپنے 5 سالہ کمسن بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی بوٹ بیسن پولیس موقع پر پہنچی اور کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے ایدھی کے رضا کاروں کی مدد سے باپ اور بیٹے کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیں۔
ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض نیازی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے والد کی شناخت 28 سالہ تنویر اور بیٹے کی شناخت 5 سالہ حسنین کے نام سے ہوئی ہے، جن کا آبائی تعلق ساہیوال سے بتایا جاتا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق میاں بیوی کے درمیان مالی معاملات پر تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد ملزم تنویر نے طیش میں آکر پہلے کمسن بیٹے کو کمرے میں لے جا کر فائرنگ کی اور پھر خود کو بھی گولی مار لی۔ خوش قسمتی سے فائرنگ کے اس واقعے میں متوفی کی اہلیہ شکیلہ اور کمسن بیٹی محفوظ رہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 30 بور پستول اور 2 خول برآمد ہوئے ہیں، تاہم واقعے میں استعمال ہونے والے اسلحے کے قانونی یا غیر قانونی ہونے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

