عمرکوٹ رپورٹ (ڈاکٹر ایم لال واگھانی – بیوروچیف)
اقوامِ متحدہ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پانی کے نظام پر حملوں میں تین گنا اضافہ تشویش ناک انسانی بحران کی نشاندہی کرتا ہے۔ پانی کی فراہمی اور صفائی کے نظام کو نقصان پہنچنے سے لاکھوں افراد کی صحت، خوراک اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ بچے اور کمزور طبقات سب سے زیادہ خطرات سے دوچار ہوتے ہیں۔
اس اہم مسئلے پر بات کرتے ہوئے انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین رانا بشارت علی خان نے پانی اور صفائی کے نظام اور ان سے وابستہ کارکنوں کے تحفظ، متاثرہ آبادی تک انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی اور مبینہ خلاف ورزیوں کی شفاف تحقیقات کی شدید ضرورت پر زور دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صاف پانی ایک بنیادی انسانی حق ہے، اور عالمی برادری کو چاہیے کہ انسانی جانوں کے تحفظ اور بنیادی سہولیات کی بحالی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

