سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
سانگھڑ کے علاقے نظامانی محلہ میں پلاٹ کے تنازعے پر نظامانی برادری کے دو گروہوں کے درمیان خونی تصادم پیش آیا ہے، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، نظامانی محلہ میں دونوں فریقین کے درمیان کافی عرصے سے پلاٹ پر تنازع چلا آ رہا تھا جو کہ تلخ کلامی کے بعد مسلح جھگڑے کی صورت اختیار کر گیا۔ فائرنگ کی زد میں آ کر سہراب خان نظامانی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ حیات نظامانی اور اسلم نظامانی شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سانگھڑ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا اور مقتول کی لاش سمیت دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سانگھڑ منتقل کر دیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد سول اسپتال کے باہر نظامانی برادری اور ورثاء کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والا نوجوان اور فریقین آپس میں کزن بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے اور علاقے میں مزید نفری تعینات کر دی گئی ہے۔


