راج پورہ (پنجاب):
بھارتی ریاست پنجاب سے بہار جانے والی ‘کرما بھومی ایکسپریس’ (ٹرین نمبر 12508) کی چار بوگیوں میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس حادثے کے نتیجے میں ٹرین میں سوار مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور افراتفری کی صورتحال پیدا ہو گئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، یہ حادثہ جمعہ کی دوپہر کو پنجاب کے ضلع پٹیالہ میں راج پورہ اور سرائے ونجارا ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ چلتی ٹرین میں اچانک ایک کوچ سے اٹھنے والے دھوئیں اور آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے تیز ہواؤں کے باعث ساتھ والی دیگر بوگیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے مجموعی طور پر چار بوگیاں متاثر ہوئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ بوگیوں کو ٹرین کے باقی حصوں سے الگ کیا اور فائر فائٹنگ کی مدد سے آگ پر قابو پالیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں ڈیڑھ ہزار سے زائد مسافروں نے معجزانہ طور پر محفوظ طریقے سے باہر نکل کر اپنی جانیں بچائیں، اور کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل ٹرین کا انتظام کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کو حادثے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ریلوے حکام نے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے کر اصل وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے۔

