مٹیاری (رپورٹ عامر علی انڑ بیورورپورٹ / بینقاب نیوز)
مٹیاری میں شگر مل روڈ پر موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان ایک دلخراش تصادم کے نتیجے میں کمسن بچہ جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار ایک معصوم بچہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، جب کہ حادثے میں شدید زخمی ہونے والے تینوں افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کا تعلق کوٹ سید خدا داد شاہ سے بتایاجاتا ہے جو کہ کولہی برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔اس اچانک اور دلخراش واقعے کے بعد علاقے میں گہرے رنج و غم اور سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔ مقامی سماجی حلقوں اور متاثرہ خاندان کے عمائدین نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔


