سیالکوٹ (بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق نے کہا ہے کہ خواتین کو ہنر مند بنا کر معاشی طور پر خود مختار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خواتین کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے سے نہ صرف ان کے خاندانوں کی معاشی حالت بہتر ہو سکتی ہے بلکہ ملکی معیشت اور پائیدار ترقی میں بھی ان کا کردار مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کی معاشی خود انحصاری اور پائیدار ترقی کے فروغ کے منصوبے کے سلسلے میں لیدر پراڈکٹ ڈیویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ، این جی او "بیداری” اور "یو این وویمن” کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس منصوبے کے تحت 40 خواتین نے ڈیجیٹل و سوشل میڈیا مارکیٹنگ، سلائی کڑھائی، بیوٹیشن اور کوکنگ کے 60 روزہ تربیتی کورسز کامیابی سے مکمل کیے، جن کی تکمیل پر انہیں سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ کی قیادت میں محنت کشوں کے لیے لیبر کالونی کے قیام کی غرض سے موزوں اراضی کی تلاش اور اس سلسلے میں کام جاری ہے، اور وزیر موصوف محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لیے پوری طرح متحرک ہیں۔
ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا مارکیٹنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس جدید دور میں اس تربیت کے ذریعے خواتین گھر بیٹھے اپنی تیار کردہ مصنوعات کی تشہیر اور فروخت کے لیے وسیع مارکیٹ تک رسائی حاصل کر سکتی ہیں۔ اسی طرح سلائی کڑھائی، بیوٹیشن اور کوکنگ جیسے ہنر باعزت روزگار کے نئے دروازے کھولتے ہیں۔
انہوں نے خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کے معیار کو سراہتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ ان مصنوعات کو لاہور ایکسپو سنٹر میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے کے مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ خواتین کی محنت کو وسیع منڈیوں تک رسائی مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ مینا بازار اور ایسی نمائشیں خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور خریداروں سے رابطے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو ٹریفک سمیت تمام قوانین کی پاسداری کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ قوانین پر عمل درآمد سے ہی ایک محفوظ اور منظم معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔
قبل ازیں، ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے خواتین کی تیار کردہ گھریلو و صنعتی دستکاریوں اور مختلف مصنوعات کے اسٹالز پر مشتمل "مینا بازار” کا افتتاح کیا اور مختلف اسٹالز کا دورہ کر کے مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر بیداری ارشد مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاہد اسحاق، سابق چیئرمین لیدر پراڈکٹ ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ امجد حسین شیخ، مینیجر لیدر پراڈکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی رانا امجد حسین، مزدور رہنما عبدالشکور مرزا، حنا نورین، اشفاق نذر، ساجد اقبال خان، ڈائریکٹر پاکستان ریڈیو احمد رضا چیمہ اور آصف رضا سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔


