لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس ارسال کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو بھیجے گئے قانونی نوٹس کی کاپی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے وفاقی وزیر چودھری سالک حسین، اینکر نعیم اشرف بٹ اور اے آر وائی انتظامیہ کو قانونی نوٹس ارسال کردیا گیا۔ https://t.co/mxNq6ZQaNa
— PMLN (@pmln_org) November 3, 2026
چوہدری سالک حسین کے ساتھ نجی ٹی وی چینل کے میزبان نعیم اشرف بٹ اور چینل کی انتظامیہ کو بھی قانونی نوٹس ارسال کیا گیا ہے۔
نوٹس کے متن میں لکھا گیا ہے کہ نجی نیوز چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے، چوہدری سالک حسین نے انٹرویو میں پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں سننے اور کرپشن کی فائلوں کا ذکر کیا تھا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کے وکیل کے مطابق چوہدری سالک حسین نے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جب کہ قانونی نوٹس میں الزامات کو بے بنیاد، غیر مصدقہ اور ہتک آمیز قرار دیا گیا۔
انونی نوٹس میں نجی ٹی وی کے میزبان پر بھی مبینہ طور پر بے بنیاد الزامات کو نشر کرنے اور بحث کو آگے بڑھانے کا الزام عائد کیا گیا ہے اور قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انٹرویو میں کسی مستند واقعے، تحقیقات یا دستاویزی شکایت کی نشاندہی نہیں کی گئی۔
قانونی نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگا کر وزیراعلیٰ مریم نواز اور پنجاب حکومت اور کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

