سرگودھا (راجہ نورالٰہی عاطف سے): ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سرگودھا سہیل اختر سکھیرا نے پولیس افسران اور جوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے بچوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ایک انتہائی اہم اور تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ اس سلسلے میں سرگودھا کے نامور تعلیمی اداروں—سپیریئر کالج اور کمپری ہینسو اسکول سسٹم—کے ساتھ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے باقاعدہ معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔معاہدے کے تحت درج ذیل تعلیمی مراعات فراہم کی جائیں گی:شہدائے پولیس کے بچے: مکمل طور پر مفت تعلیم حاصل کر سکیں گے۔دورانِ سروس وفات پانے والے پولیس ملازمین کے بچے: تعلیمی اخراجات اور فیس میں 75 فیصد رعایت کے مستحق ہوں گے۔حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے بچے: 50 فیصد رعایتی فیس پر معیاری تعلیم حاصل کر سکیں گے۔معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران، سرگودھا بزنس الائنس کے صدر امجد محمود بھٹی نے ‘کمپری ہینسو اسکول سسٹم’ کی جانب سے جبکہ بزنس الائنس کے نائب صدر اکرام اللہ وڑائچ نے ‘سپیریئر کالج’ کی نمائندگی کرتے ہوئے معاہدوں پر دستخط کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ ان معاہدوں کا بنیادی مقصد پولیس فورس کے افسران اور جوانوں کی فلاح و بہبود کا تحفظ کرنا اور ان کے بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کر کے ان کا مستقبل روشن بنانا ہے۔ انہوں نے مزید عزم ظاہر کیا کہ پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں دیگر تعلیمی اور فلاحی اداروں کے ساتھ بھی ایسے معاہدے کیے جائیں گے تاکہ فورس کے ہر جوان کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

