ملتان (رپورٹ: ملک جابر عباس سے)
گیلے وال کے موضع سِدھا میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سے نہم جماعت کی دو طالبات کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے کے واقعے نے پورے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ طالبات کے اچانک غائب ہونے کا یہ معمہ حل طلب بن گیا ہے، جس پر پولیس اور محکمہ تعلیم کے افسران فوری طور پر حرکت میں آگئےابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں طالبات (نمرہ اور فضا) معمول کے مطابق سکول پہنچی تھیں اور اپنے سکول بیگ کچن میں رکھنے کے بعد اچانک غائب ہوگئیں۔ طالبات کی عدم موجودگی کا علم ہونے پر سکول انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی، اور پرنسپل نے فوری طور پر تھانہ گیلے وال پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر سرکل عابد حسین بھلہ اور سی ای او ایجوکیشن اسرار الحق فوری طور پر سکول پہنچ گئے۔ انہوں نے تمام کلاس رومز اور سکول کے دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔حکام کی جانب سے طالبات کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ طالبات سکول کے اندر سے کس طرح لاپتہ ہوئیں اور اس کے پس پردہ کیا محرکات ہیں، یہ سوالات تاحال جواب طلب ہیں۔دو کم عمر طالبات کے اس پراسرار غائب ہونے سے والدین، اساتذہ اور اہل علاقہ شدید فکرمند ہیں۔ پولیس اور متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ طالبات کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔

