دبئی:
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو کے ایک انتہائی دلچسپ اور اہم ون ڈے میچ میں میزبان متحدہ عرب امارات (UAE) نے عمان کی ٹیم کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔
آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو کہ ان کے بولرز نے درست ثابت کر دکھایا۔ عمان کی پوری ٹیم 45.1 اوورز میں صرف 196 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ عمان کی جانب سے جتیندر سنگھ نے انتہائی ذمہ دارانہ اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 107 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 88 رنز کی بڑی اننگز کھیلی، اس کے علاوہ آرین بشت نے 38 اور زکریا اسلام نے 17 رنز بنائے۔ یو اے ای کی جانب سے اویس علی شاہ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنے 10 اوورز میں محض 33 رنز دے کر عمان کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد شہداد نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں متحدہ عرب امارات نے 197 رنز کا ہدف 47.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ یو اے ای کی اننگز میں آرینش شرما نے 49 رنز (61 گیندیں)، محمد وسیم نے جارحانہ انداز میں 35 رنز (35 گیندیں، 3 چوکے، 1 چھکا) اور راہول چوپڑا نے 34 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ عمان کی طرف سے سمے شریواستو نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حسنین شاہ اور عمران محمد کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
شاندار بولنگ پرفارمنس (5 وکٹیں) کی بدولت اویس علی شاہ کو "میچ کا بہترین کھلاڑی” قرار دیا گیا۔

