عمرکوٹ(رپورٹ: بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی، )
سامارو میں ہیرل روڈ کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے درمیان آمنے سامنے کے دلخراش تصادم کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا چھا گئی۔تفصیلات کے مطابق، سامارو میں ہیرل روڈ کے قریب دو تیز رفتار موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ تعلقہ کنری کے علاقے بستان کے رہائشی مویشیوں کے معروف تاجر طالب حسین آرائیں موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ حادثے میں گاؤں نظیر جان سرہندی کے رہائشی انیل میگھواڑ اور سریش میگھواڑ شدید زخمی ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور مقامی افراد نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید بہتر علاج کے لیے حیدرآباد ریفر کر دیا گیا۔حادثے میں ایک قیمتی انسانی جان کے ضیاع پر اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کی طرف سے شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔ پولیس کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔


