کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں مسلسل پانچویں روز کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سونا پانچ ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔
آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2,500 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
قیمتوں میں تازہ کمی کے بعد 24 قیراط فی تولہ سونا 4 لاکھ 22 ہزار 36 روپے کا ہوگیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 2,144 روپے گھٹ کر 3 لاکھ 61 ہزار 686 روپے پر آگئی۔
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 7 روپے سستی ہونے کے بعد 5 ہزار 858 روپے کی ہوگئی۔عالمی مارکیٹ میں بھی سونا 4 ہزار ڈالر سے نیچے آگیا
دوسری جانب بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 25 ڈالر سستا ہوکر 3,995 ڈالر پر آگیا، جس کے بعد اس کی قیمت 4 ہزار ڈالر کی سطح سے نیچے چلی گئی۔
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں مسلسل پانچ روز سے جاری اس کمی کے نتیجے میں سونے کی قیمت پانچ ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ قیمتوں میں مزید ردوبدل کا انحصار مارکیٹ کی آئندہ صورتحال پر ہوگا۔

