اسلام آباد : نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مالیاتی فراڈ میں ملوث 305 چینی باشندوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایجنسی نے اسلام آباد میں ڈیجیٹل مالیاتی فراڈیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا اور ایک ہی دن میں درجنوں چھاپے مارے۔بیان میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے نے آئی نائن میں سب سے بڑی کارروائی کی، ملزمان کی نشاندہی پر اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں چھاپے مارے گئے اور اس دوران 305 چینی باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان سے لیپ ٹاپ، سرور اور کمپیوٹر ہارڈ ڈسک برآمد کیے گئے، پکڑے جانے والے غیر ملکی بڑے مالیاتی فراڈ میں ملوث ہیں۔تفصیلات کے مطابق، وفاقی حکومت پاکستان کے تعاون سے چینی پولیس کے اہلکار اسلام آباد پہنچے، جہاں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے مبینہ غیر قانونی کال سینٹرز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں مشترکہ کارروائی کے تحت مختلف رہائشی مکانات پر چھاپے مارے گئے۔ذرائع کے مطابق، تھانہ I-9 کی حدود میں ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا، تاہم وہاں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔ دوسری جانب تھانہ مارگلہ کی حدود میں واقع تین مختلف مکانات پر کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں چینی باشندے موجود پائے گئے۔اطلاعات کے مطابق، ایف ایٹ میں SVS روڈ کے قریب واقع ایک مکان سے 115، دوسرے مکان سے 100 جبکہ تیسرے مکان سے 90 چینی باشندوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان مکانات میں چینی باشندے کرائے پر رہائش پذیر تھے۔حکام کے مطابق، معاملے کی مزید تحقیقات NCCIA اسلام آباد اور چینی پولیس کی جانب سے جاری ہیں۔ کارروائی ایڈیشنل ڈائریکٹر شعیب، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہنواز اور متعلقہ افسران کی نگرانی میں کی جانے کی اطلاع ہے۔
این سی سی آئی اے اسلام آباد کی بڑی کاروائی ، ایک ارب کے آن لائن فراڈ میں ملوث 305 چینی باشندے گرفتار

