سکھر (رپورٹ / عبد الرحمان راجپوت)
شہر کے اہم گزرگاہی مقام شکارپور پھاٹک پر انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں اور ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف ایک سنسنی خیز اور بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشریٰ منصور نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) اور انسدادِ تجاوزات فورس کے ہمراہ چھاپہ مار کر 7 گڈز ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے دفاتر کو فوری طور پر سیل کر دیا۔انتھک کوششوں کے باوجود متعلقہ کمپنیاں موقع پر اپنے رجسٹرڈ لائسنس پیش کرنے سے قاصر رہیں، جس پر انتظامیہ نے سخت قانونی ایکشن لیا۔ کارروائی کے دوران سڑکوں کے اطراف غیر قانونی طور پر سامان سجانے اور رات کے اوقات میں سڑک کے بیچوں بیچ ہیوی گاڑیاں کھڑی کرکے ٹریفک کی روانی کو مفلوج کرنے کا سخت نوٹس لیا گیاحکام کا کہنا ہے کہ اس چھاپے کے دوران موقع پر ہی عارضی تجاوزات کا صفایا کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں پیش آنے والی مشکلات کا مستقل ازالہ کیا جا سکے۔ شکارپور پھاٹک پر ٹریفک کا اژدھام اور ہیوی گاڑیوں کی غیر قانونی پارکنگ ہمیشہ سے شہریوں کے لیے دردِ سر بنی ہوئی تھی۔ضلعی انتظامیہ نے ایک بار پھر سخت وارننگ جاری کی ہے کہ قوانین کو پاؤں تلے رونڈنے والوں اور تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور کاروباری حلقوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی قانونی دستاویزات اور لائسنس مکمل کریں، بصورت دیگر سخت ترین کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

