سکھر (رپورٹ / عبد الرحمان راجپوت):
سکھر میں شہر بھر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے میونسپل انتظامیہ کی جانب سے سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ میونسپل کمشنر خالد جتوئی اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی سارا فراز کی ہدایات پر اینٹی انکروچمنٹ انسپکٹر عدنان میمن نے اپنے عملے کے ہمراہ مختلف تجارتی علاقوں اور بازاروں میں بھرپور آپریشن کیا، جس دوران دکانوں کے باہر غیر قانونی طور پر رکھا گیا سامان ضبط کر لیا گیامختلف تجارتی مراکز میں کی جانے والی اس کارروائی کا مقصد سرکاری راستوں اور فٹ پاتھوں پر قابض تجاوزات کا خاتمہ کرنا ہے۔ شہر کے مرکزی بازاروں میں دکان داروں کی جانب سے سامان باہر رکھنے کے باعث جہاں ایک طرف پیدل چلنے والے شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، وہیں دوسری طرف سڑکوں کی گنجائش کم ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوتی تھی۔شہریوں نے میونسپل انتظامیہ کے اس قدم کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے دل سے سراہا اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بازاروں میں اُمڈتی ہوئی ٹریفک اور پیدل گزرگاہوں کی بندش سے نجات کے لیے ایسی کارروائیاں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تجاوزات کے خلاف صرف وقتی کارروائی کافی نہیں ہے، بلکہ مستقل بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ تجارتی مراکز میں نظم و ضبط برقرار رہے اور شہریوں کو آمدورفت میں مستقل سہولت مل سکے۔عوامی حلقوں نے میونسپل کمشنر خالد جتوئی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سارا فراز اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ:تجاوزات کے خلاف یہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا جائے۔کسی بھی علاقے میں دوبارہ غیر قانونی تجاوزات قائم نہ ہونے دی جائیں۔کارروائیوں کا دائرہ کار شہر کے دیگر حصوں تک بھی پھیلایا جائے اور فٹ پاتھوں کی مستقل نگرانی کا نظام قائم کیا جائے تاکہ سکھر کو ایک صاف ستھرا، منظم اور بہتر شہر بنایا جا سکے۔

