سانگھڑ (رپورٹ اشفاق سلہری)
سانگھڑ کے نواحی علاقے چوٹیاری میں انسانیت کو شرما دینے والا اور انتہائی تشویشناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں پی پی ایچ آئی (PPHI) اسپتال کے قریب سڑک کنارے کچرے کے ڈھیر سے لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری ادویات سے بھرا ہوا ایک بڑا تھیلا برآمد ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق گاؤں کریم داد جوڻيجو میں پی پی ایچ آئی اسپتال کے نزدیک کچرے میں ملنے والے اس تھیلے میں بڑی تعداد میں ادویات اور گولیاں موجود ہیں، جن پر واضح طور پر سرکاری مہر بھی ثبت ہے۔ سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ برآمد ہونے والی یہ تمام ادویات اپنی میعادِ استعمال (Expiry Date) کے اندر ہیں۔علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پی پی ایچ آئی سینٹر میں غریب اور مستحق مریضوں کو علاج کے دوران اکثر مفت ادویات فراہم نہیں کی جاتیں، اور اسپتال کا عملہ ہمیشہ ادویات ختم ہونے کا بہانہ بنا کر غریب مریضوں کو واپس لوٹا دیتا ہے۔ دوسری جانب، اسپتال کے بالکل قریب سے سرکاری ادویات کا اس طرح کچرے میں پھینکا جانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مبینہ طور پر ادویات کی مبینہ چوری یا غبن کا مکروہ کھیل کھیلا جا رہا ہے۔واقعے کی تصاویر اور خبر وائرل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) سانگھڑ، فاروق آرائیں نے معاملے کا سخت نوٹس لے لیا ہے اور اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ڈی ایچ او آفس کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ادویات کا اس طرح ضائع کیا جانا انتہائی سنگین اور تشویش ناک عمل ہے۔ اس گھناؤنے فعل کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور اس غفلت یا جرم میں ملوث تمام ذمہ داران کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

