لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کے جدید اور جامع پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران دیہی علاقوں کی تقدیر بدلنے کے لیے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے پنجاب میں ”خوشحال دیہات ایکٹ 2026“ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبے کے 120 دیہات میں فوری طور پر پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ویلج کمیٹیوں کی فوری تشکیل اور مکمل یکسوئی کے ساتھ پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ہر گاؤں کی ترقیاتی کمیٹی میں 4 سرکاری اور 4 عوامی نمائندے شامل ہوں گے جن میں اسکول کا ہیڈ ٹیچر، سیکرٹری یونین کونسل، بنیادی صحت مرکز (BHU) یا مریم نواز ہیلتھ کلینک کا ڈاکٹر اور دیگر متعلقہ عملہ شامل ہوگا
متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر (AC) ویلج کمیٹی کی سربراہی کریں گے، جبکہ تمام کمیٹیوں اور پراجیکٹ کی مجموعی نگرانی کی ذمہ داری ڈپٹی کمشنر (DC) کی ہوگی۔ دیہات میں بنیادی سہولیات اور ترقیاتی کام بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت ہر گاؤں میں جدید طرز پر پختہ اور معیاری گلیاںسیوریج کا بہترین نظام ڈرینج (نکاسیِ آب) کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ارکانِ اسمبلی اور متعلقہ ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے ترقیاتی پراجیکٹس کی کڑی نگرانی کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ”تمام دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ ترقی کے ثمرات اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ صوبے کے ہر دیہات اور غریب عوام کی دہلیز تک پہنچیں گے۔“ ”دیہات کی ترقی میں مقامی آبادی اور عوامی نمائندوں کی مشاورت کو ہر صورت شامل رکھا جائے گا تاکہ ان کی ضروریات کے مطابق کام ہو سکے۔ شفافیت اور کام کا اعلیٰ معیار ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔“ ”وہ دن دور نہیں جب پنجاب کا ہر گاؤں ترقی اور بنیادی سہولیات کے لحاظ سے پورے ملک کے لیے ایک شاندار مثال بنے گا۔“

